کراچی: جمعیت علما اسلام کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نیب شیب کے نوٹسسز کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں.
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کے آغاز ہی سے عمرانی ٹولہ دماغی توازن کھو بیٹھا ہے۔ کبھی نیب کی دھمکی دے رہے ہیں تو کبھی اپنی طرح جعلی اثاثے تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیب شیب کے نوٹسسز کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ ہماری تاریخ شائد عمرانی ٹولہ اور انکے آقا بھول گئے ہیں.مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری مثال وہ ہے کہ ملنگا نوں نہ چھیڑو۔ ہمارے آبااجداد نے ہمیں شاندار ماضی دیا ہے۔ ہم وہ نہیں جو آج ہمیں سمجھا جارہا ہے۔ ابھی تو ہم نے آغاز کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ نہیں چل سکتے اس لئے کہ ایک طرف غلاظت کا ڈھیر ہے اور دوسری طرف پاکستان ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہر گند ہر برائی ہر فحاشی سے پاک مملکت۔ اب ان شا اللہ پاکستان کو اسکے آئین اسکی روح اسکے اسلامی تشخص اسکی تہذیب کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھلی کتاب ہیں جتنا چاہیں ہمارے نام پر جعلی اثاثے بنالیں مگر یہ یاد رکھیں کہ اگر ہم نے ان جعلی اثاثوں کا حساب مانگ لیا تو پھر تمہیں اور تمہارے نیب شیب کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اب عوامی قوت سے جعلی اور ناجائز حکومت کا جانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے جام ہوگئے ہیں۔ عام آدمی اشیا خوردنی سمیت تمام بنیادی انسانی ضرورتوں کو ترس رہا ہے۔ ہر طرف اندھیرا ہے۔اب پی ڈی ایم ہی روشنی کی کرن ہے۔