مہنگائی سے عوام کا برا حال، لاہور میں انڈوں کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی

مہنگائی سے عوام کا برا حال، لاہور میں انڈوں کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی

لاہور: مہنگائی کے وبال سے عوام کا برا حال ہے۔ اشیائے ضرورت کی قیمتیں اتنی زیادہ ہیں کہ سن کر پسینے چھوٹ جائیں۔ لاہور میں انڈوں کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔

مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے۔ ادرک، لہسن، ٹماٹر ہوں یا آلو سب کی قیمت آسمان پر پہنچی ہوئی ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ غریب آدمی کیلئے تو اب فاقوں کی نوبت آگئی، لیکن حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں ہے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کا جن قابو میں نہیں آ رہا ہے۔ سردی آتے ہی انڈے مہنگے ہوگئے ہیں۔ بڑھتی مہنگائی سے ہر کوئی پریشان ہے۔ لاہور میں فارمی انڈوں کی ڈبل سنچری مکمل ہو چکی ہے جو اب 200 روپے درجن فروخت ہونے لگے ہیں۔ مرغی کا گوشت بھی غریب کی پہنچ سے دور ہے جو اب 320 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

ادرک 700 روپے، ٹماٹر 80 اور آلو 80 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ شہری صورتحال سے دلبرداشتہ ہو کر حکومت پر برس رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

فیصل آباد میں فارمی اور دیسی انڈوں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ فارمی انڈا 240 جبکہ دیسی 360 روپے درجن میں دستیاب ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ سردی میں اب انڈے کھانا بھی مشکل ہو گیا۔ ادھر دکانداروں نے بھی صاف کہہ دیا ہے کہ ہم انڈے مہنگے خرید کر سستے نہیں بیچ سکتے۔

ملتان کے سستے سہولت بازار میں آٹا ناپید ہو گیا ہے۔ آٹا خریدنے کیلئے لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ چینی سرے سے ہی غائب ہے جبکہ ادرک، لہسن، سبز مرچ اور ٹماٹر بھی اس قدر مہنگے ہو گئے کہ غریب آدمی کانوں کو ہاتھ لگانے کو مجبور ہیں۔