وزیرِاعظم کے بھانجے حسان نیازی نے ضمانت کروا لی

01:30 PM, 20 Dec, 2019

لاہور: لاہور کے امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے کیس میں مطلوب وکیل اور وزیرِ اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے اپنی عبوری ضمانت کروا لی۔

پولیس کے مطابق حسان نیازی نے عبوری ضمانت انسداد دہشت گردی کی عدالت سے حاصل کی۔ عدالت نے حسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظور کی ہے۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر کو لاہور میں سیکڑوں وکلاء امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر چڑھ دوڑے تھے۔ مشتعل وکلاء آپریشن تھیٹر، آئی سی یو اور وارڈ میں گھس گئے جہاں انہوں نے اسپتال کی قیمتی مشینیں اور دیگر آلات توڑ دیئے اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا، مریضوں کے آکسیجن ماسک اتار دیئے۔

اسپتال میں وکلاء کے ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض جاں بحق ہو گئے تھے۔ وکلاء نے ہنگاموں کے دوران پولیس موبائل، ڈاکٹرز اور مریضوں کی گاڑیاں بھی جلا دیں۔

وکلاء نے وہاں بات چیت کے لیے آنے والے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

مزیدخبریں