لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے امریکہ میں اثاثوں کو چھپانے پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف اثاثے چھپانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک اثاثوں کو چھپانے پر آصف زرداری کو فوری نااہل کیا جائے۔
درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ پیپلزپارٹی کی شریک چیئرمین آصف زرداری کی امریکہ میں فلیٹ ہے جس کا ذکر الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات میں نہیں کیا گیا ، آصف زرداری حلقہ این اے 213 سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے اور انہیں اس نشست سے فوری نااہل کیا جائے کیونکہ وہ اب صادق اور امین نہیں رہے ہیں۔
خرم شیر زمان نےکہا کہ قوم 24 دسمبر کو اچھی خبر سنے گی، جے آئی ٹی نے ایک رپورٹ جمع کرا دی ہے، تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کرپشن میں بڑے ہاتھیوں کیخلاف سب سے پہلے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے جو اثاثے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے اس میں بیرون ملک جائیداد کا ذکر نہیں کیا، درخواست دائر کی ہے کہ آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی کی نشست سے ہٹایا جائے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے صوبے میں جو تعلیم کا حال کیا وہ عوام جانتے ہیں، جو تباہی پیپلزپارٹی نے مچائی اسکا ریکارڈ پوری دنیا میں نہیں، یہ بھی درخواست دائر کی ہے کہ امریکا میں آصف زرداری نے یہ جائیداد خریدی ذرائع کیا تھے۔ انہوں نے کہا تمام ادارے آزاد ہیں، تحریک انصاف نے کسی ادارے پرکوئی دباؤنہیں ڈالا ہوا، ہم نے فیصلہ کرلیا ہے انہیں این آراونہیں دینا۔