سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے، فواد چوہدری

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے، فواد چوہدری
کیپشن: فوٹو بشکریہ: دنیا ٹوئیٹر اکائونٹ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اگلے سال فروری میں سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کرینگے، اس سلسلے میں وزیر اعظم کی محمد بن سلمان سے  بات چیت ہو  چکی ہے۔ 


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا  کہ  کابینہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں  جاری صورتحال پر وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ کرینگے, اس  سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان خود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات کرینگے۔

 

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے حوالے سے بات چیت کر تے ہوئے کہا  کہ وزیر اعظم نے تمام وزارءکو  اخراجات میں کمی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، ساتھ ہی ساتھ  ان کا کہنا تھا   کہ وزراءاپنے بیرون ملک دوروں کو  کم کریں، بیوروکریٹ اپنے محکموں میں بچت کرنے کی عادت ڈالیں، ائیر پورٹ کلچر  کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ  ائیر پورٹ کلچر میں تبدیلی لانے  کی اشد ضرورت  ہے، آ ئندہ  ائیر پورٹ پر مسافروں کو بہتر سہولیات دینے پر غور کیا جائے گا۔

 

فواد چوہدری کا کہناتھاکہ اجلاس میں ای سی ایل میں شامل کچھ ناموں پر غور کیا گیا ہے جبکہ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے ہٹالیے گئے ہیں۔  پاکستان میں آنے والے سیاحوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے ویزا عمل میں بھی آسانی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی صحافیوں کو بھی پاکستان آنے میں مشکلات ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ اسلام آباد کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا جارہاہے،  پنجاب کے چھ شہروں کیلئے ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کیلئے بھی ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ادویا ت کی قیمتوں میں اضافے کا بھی نوٹس لیا ہے۔