لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی چھٹی ٹیم خرید لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی لاہور میں ہوئی جس میں علی ترین کامیاب بڈر ٹھہرے اور اس طرح انہوں نے7سال کیلئے چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کر لئے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ”چھٹی ٹیم “ کی 7سال کے لیے قیمت 73کروڑ روپے سالانہ رکھی گئی تھی تاہم علی ترین نے اس سے بھی زیادہ کی بولی لگا ئی ہے،پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم تقریبا73کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل میں ایک بار پھر جنوبی پنجاب کی ٹٰیم نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی ٹیم ملتان کا نام مشاورت سے رکھیں گے اور اگر قانون نے اجازت دی تو ملتان سلطانز نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطان سے پیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے معاہدہ ختم کردیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اگر ٹیم کے لیے نیاخریدار نہ ملا تو بورڈ خود ہی ٹیم کو چلائے گا۔