لاہور: وزیر ہاﺅسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت دس ہزارگھروں کی تعمیر کریں گے،جنوری کے پہلے ہفتے میں اخبارات میں اشتہار دیں گے،انصارکمپنی کے تعاون سے لاہوراور فیصل آباد میں گھرتعمیر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق میاں محمود الرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی تعمیر جنوری کے آخری ہفتے تک شروع ہوجائے گی،ایک دو مرلے پلاٹ والے افراد کو پانچ لاکھ تک بلاسود قرضے دیں گے،حکومت پرائیوٹ سیکٹر کو ساتھ ملا کر کام کررہی ہے،آیندہ ماہ 12 ہزار گھروں کی تعمیر شروع کر دیں گے،لودھراں، خانیوال، چشتیاں اور اوکاڑہ میں درخواستیں جنوری کے پہلے ہفتے میں وصول کرینگے،اخوت کے اشتراک سے 10 ہزار گھروں کو توسیع دیں گے،توسیعی منصوبے کے تحت 5 لاکھ فی گھر سود سے پاک قرضے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ کنال سے زائد اراضی کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے،2 لاکھ گھروں کی تعمیر پرائیویٹ اشتراک کے بغیر ممکن نہیں،گھروں کی تیز تعمیر کیلیے قوانین میں بھی تبدیلی کی جائے گی،پرائیویٹ ڈیویلپرز کو سہولیات فراہم کرینگے تاکہ وہ اپنا کردار ادا کر سکیں،پینے کے صاف پانی کیلیے کلین ڈرنکنگ واٹر اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
میاں محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں صاف پانی کمپنی میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود نتیجہ صفر تھا،مری بلک واٹر سپلائی پروگرام 2 ارب 50 کروڑ کی بجائے 9 ارب روپے میں مکمل ہو گا،لاہور میں 4 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے،2 پلانٹ کی جگہ خرید لی باقی دو کی جگہ جلد خرید لیں گے،جنوبی پنجاب میں 4 موبائل لیب میں پانی کا معیار چیک کرنے کی سہولت دی ہے،لاہور میں 91 مساجد میں وضو کا پانی پارکوں کو فراہم کرنے کا پلان ترتیب دیا ہے۔
وزیر ہاﺅسنگ پنجاب نے کہا کہ پانی چوری روکنے کیلیے ڈیڑھ ماہ کا وقت دیا ہے اس کے بعد قید اور جرمانہ ہو گا،صوبے میں 7 ارب 50 کروڑ کی سرکاری زمین واگزار کروائی ہے،کلین گرین پاکستان منصوبے کے تحت 4 لاکھ درخت لگائے ہیں جبکہ ہاﺅسنگ کی ترویج کیلیے نئی اتھارٹی کا نوٹیفکیشن آج وزیراعلیٰ کریں گے۔