لاہور: انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے ملک کے 2 بڑے ڈیموں میں پانی کی تیزی سے کمی سے خبردار کر دیا ہے۔ارسا حکام کے مطابق تربیلاڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1416 فٹ رہ گئی ہے جب کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1113 فٹ پر آ گئی ہے۔
ارسا حکام نے بتایا کہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول سے 63 فٹ اوپر اور تربیلا میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول سے 30 فٹ اوپر رہ گیا ہے۔
ارسا حکام کے مطابق رواں سال دونوں ڈیم بھرے نہیں جا سکے تھے جس کے باعث رواں سال پانی کی شدید قلت کا سامنا ہو سکتا ہے جب کہ صوبہ پنجاب اور سندھ کو ان کے حصے سے پانی کم ملنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں آبی قلت کے خدشے کے پیشِ نظر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دیا ہے جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں فنڈ ریزنگ کا سلسلہ جاری ہے۔