لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان 22 دسمبر کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں کریں گے۔
دوست محمد کھوسہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے والد ذوالفقار کھوسہ کی اجازت سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے جو حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی سیاسی بصیرت، بلاول کی نوجوان قیادت کی وجہ سے پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور مستقبل بلاول بھٹو زرداری کا ہے جبکہ ان کے ساتھ مل کرعوام کی خدمت کریں گے۔دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ڈیرہ غازی خان میں جلسے کی دعوت بھی دوں گا۔
واضح رہے کہ رواں برس جون میں عام انتخابات سے قبل ن لیگ کے سینیئر رہنما ذوالفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور اس وقت یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ دوست محمد کھوسہ بھی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں تاہم بعد میں اس کی تردید کر دی گئی۔