عدلیہ کے ساتھ دست و گریبان ہونے کی دھمکیاں دینے والے اپنا رویہ بدلیں: سینیٹر سراج الحق

07:59 PM, 20 Dec, 2017

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کی پائی پائی کا حساب ہوگا، کرپٹ لوگ غلاف کعبہ میں بھی چھپ جائیں ان کو وہاں سے سے نکال کر بھی احتساب کرائیں گے۔

لیاقت باغ راولپنڈی میں ’’ تعلیمی ایکسپو ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹرسر اج الحق نے کہاکہ علاقائی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سیاسی اختلافات سے نکل کر ملک کو در پیش چیلنجز سے نپٹنے کے لیے متحدہو جائیں اور ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر فیصلے کریں، افراد اور خاندانوں کی سیاست کی بجائے آئین و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی بالادستی قائم کرنا ہوگی،عدلیہ کے ساتھ دست و گریبان ہونے کی دھمکیاں دینے والوں کو اپنے رویے کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار حکمرانوں اور ان عالمی دہشتگردوں کے ساتھ ہے جنہوں نے افغانستان اور عراق میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا، ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم برسائے اور اب انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا اعلان کر دیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی دہشتگردوں کا سرپرست امریکہ اسلامی تہذیب و تمدن کو تباہ کر کے اپنی تہذیب مسلط کرنا چاہتا ہے. امریکہ نے ہر جگہ اپنے گھوڑے پال رکھے ہیں جب ایک گھوڑا ناکام ہو تاہے تو وہ دوسرے کو لے آتا ہے جو امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی اقتدار پر قابض وی آئی پیز اور اسٹیٹس کو کی قوتوں نے عوام کو مسائل و مشکلات سے دوچار کردیاہے،ملک میں موجود تین سو خاندانوں نے عوام کو یرغمال بنارکھاہے .ان خاندانوں نے پارٹیوں کو اپنی گرفت میں لے رکھاہے ، چچا ایک پارٹی میں تو بھتیجا دوسری میں اور بھانجا ایک میں اور ماموں دوسری پارٹی میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لینڈ ، ڈرگ ، اور شوگر مافیاز ہیں جنہوں نے دولت کی ہوس میں عوام سے ان کی خوشیاں چھین لی ہیں لیکن اب ان کی میڈ ان لندن اور نیویارک سیاست نہیں چلے گی ، برسراقتدار پارٹیوں کا دورا اب ختم ہوچکاہے ،عوام اسٹیٹس کو کی پیدوار ان پارٹیوں کے اقتدار پر قابض رہنے کے ہتھکنڈوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ۔ 

مزیدخبریں