نیب سے ملک کو سوائے رسوائی کے کچھ نہیں مل رہا، سپریم کورٹ

01:25 PM, 20 Dec, 2017

کراچی: سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا ہےکہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا اس سے ملک کو سوائے رسوائی کے کچھ نہیں مل رہا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جیٹ فیول کی اوپن مارکیٹ میں فروخت اور 2 ارب 37 کروڑ روپے کرپشن کے کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے انکوائری مکمل نہ ہونے پر نیب پراسیکیوٹر منصف جان ایڈووکیٹ اور تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 14 روز میں انکوائری اور ایک ماہ میں کیس فائنل کی قانونی پابندی ہے۔

عدالت نے نیب سے ملزم کے خلاف کیس کی تفصیلی رپورٹ کل طلب کر لی۔ جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک سال ہو گیا نیب سے انکوائری مکمل نہیں ہو رہی۔ انہوں نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ معاملہ کیا ہے کیا پیسے کھا رہے ہو؟۔ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ اپنا کام ایمانداری سے کر رہا ہوں۔

جسٹس گلزار نے کہا کہ آپ کی ایمانداری ہم نے جانچ لی‘۔ جسٹس گلزار کا کہنا تھا کہ کان کھول کر سنو نیب حکام کو سونے کی اجازت نہیں اب ہاتھ ڈالا ہے تو انجام تک پہنچایا جائے۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہے ہو، یہی سننا چاہتے تھے تو سنو۔ نیب نے ملک کو تماشا بنا دیا ہے اور نیب نے ملک کو تباہ کر دیا کیونکہ نیب سے ملک کو سوائے رسوائی کے کچھ نہیں مل رہا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں