لاہور: پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج نے برینٹ خام تیل کے فیوچر کنٹریکٹ کا اجراء کر دیا۔ یہ کنٹریکٹ دراصل نقد رقم کا تصفیہ شدہ کنٹریکٹ ہے۔
اس کنٹریکٹ کا تجارتی یونٹ 10اور 100 بیرل ہے اور قیمت کے نرخ امریکی ڈالر میں ہیں اور اس کے مارجن کی پاکستانی روپے میں ادا ئیگی کی جاتی ہے۔ خام تیل دنیا میں توانائی کے اہم ترین ذرائع میں سے ایک ہے اور اسی لیے عالمی معیشت کی ترقی کے لیے اس کی حیثیت مسلمہ ہے۔
پاکستان میں خام تیل معیشت کا اہم جزو ہے اور ذرائع نقل و حمل اور توانائی کی صنعت اس کے اہم صارفین میں شامل ہیں۔ خام تیل کی پیداوار میں ملک خود کفیل نہیں ہے اس لیے ہر سال بڑی مقدار میں اس کی درآمد سے طلب پوری کی جاتی ہے جس سے درآمد کنندگان کے لیے قیمتوں میں عدم استحکام کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔