کراچی:وطن کی خاطر پر اپنی جان قربان کر کے مثال قائم کرنے والے پائلٹ آفیسر نشان حیدر شہید راشد منہاس کا آج 53 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے، پاک فضائیہ کے اس نوجوان نے ملکی دفاع کی ایسی داستان رقم کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
20 اگست 1971 کو راشد منہاس نے تربیتی پرواز کے دوران اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی جب وہ اپنی تربیتی پرواز پر روانہ ہورہے تھے کہ اچانک ان کے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے میں سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا۔
20 سالہ راشد منہاس نے اپنی بہادری اور اپنے وطن سے محبت کا اظہار ثابت کرتے ہوئے طیارے کا رخ دشمن کے بجائے زمین کی طرف موڑ دیا اور یوں، اپنے وطن کی حرمت پر جان قربان کر دی۔
راشد منہاس کی اس عظیم قربانی پر انہیں پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا اور ان کی یہ قربانی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں جوش و جذبہ برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔