اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کاکہنا ہے کہ فساد نہ کریں ، آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ فساد نہ کریں ، آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں پنجاب حکومت نے بڑا ریلیف دیا ہے۔ وفاق بھی پنجاب سے قبل صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کر چکا ہے۔ 500 یونٹ کا مطلب 98 فیصد پاکستان کے گھرانے ہیں، جنہیں یہ سہولت دی گئی ہے۔ 200 یونٹ تک کے گھرانوں کو پہلے ہی ریلیف دیا ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے امرا کے سوا سب کو سہولت دے دی ہے۔ ہر صوبے کو اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ گیس کے حوالے سے بھی کوشش ہو گی کہ ریلیف دیا جائے۔ گیس کی قیمتیں تاحال نہیں بڑھائی گئیں۔
مصدق ملک کاکہنا تھا کہ سوال اٹھتا ہے کہ 9 مئی کیسے ہوا ؟ سوال اٹھتا ہے کہ دہشت گردوں کو کون لا کر آباد کر رہا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کو بھتہ دیتا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کا سہولتکار رہا؟۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا گیا کہ ہم آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے ذہنوں میں مستقبل تابناک ہونے کے خواب ہیں۔ نوجوانوں کی منزل کے راستے میں کچھ لوگ حائل ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔