ڈی آئی خان:جے یو آئی نے سیاسی اتحاد کے بغیر اپنی تحریک خود چلانے کا فیصلہ کیا ہے،سر براہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں سیاسی اتحادوں کے تجربے اچھے نہیں رہے اس وجہ سے اپنی تحریک خود چلائیں گے ۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب میں سیاسی اتحادوں کے تجربے اچھے نہیں رہے اس وجہ سے اپنی تحریک خود لائیں گے ۔
ہم مزید نہ کسی کو شرمندہ کرنا چاہتے ہیں اور نہ خود ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، مسائل کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد ہو سکتا ہے، سٹیبلشمنٹ نے اب جا کر اپنے داخلی معاملات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ملک کا سیاسی عدم استحکام معیشت پر اثر انداز ہو رہا ہے، اگر ریاست ہی غیر مستحکم ہو جائے تو بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہوتے ہیں، ہم بنگلہ دیش جیسے حالات کی جانب نہیں جانا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں سیاست میں مداخلت نہ کرنے کی ضمانت دے دی جائے تو ہمیں اپنی شکست پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، ہمیں پورے ملک کے انتخابی نتائج پر اعتراض ہے، ہمیں موجودہ حکومت سے مذاکرات سے کوئی انکار نہیں لیکن ان کے پاس اختیار نہیں ہے۔