اسلام آباد:نیب نے احتساب عدالت اسلام آبادمیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس سعودی ولی عہد کی جانب سے دیئے گئے بلغارین جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا ہے،جس میں 22 گواہوں کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گواہان میں سیکشن آفیسر توشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن کا نام سرِ فہرست ہے جبکہ پروٹوکول افسر وزیرِ اعظم ہاؤس ، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کا نام بھی گواہان میں شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، سابق ملٹری سیکریٹری بریگیڈیئر اور سابق وزیرِ اعظم کے پرسنل سیکریٹری کا نام بھی نئے توشہ خانہ ریفرنس کے گواہوں میں شامل ہے۔
نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا، نیب کی جانب سے دائر نیا توشہ خانہ ریفرنس دو والیمز پر مشتمل ہے ۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9 اور سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ہے۔
یاد رہے کہ نیب ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف انکوائری شروع ہوئی ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے رجسٹرار نیب کی جانب سے دائر کردہ توشہ خانہ ٹو ریفرنس کا جائزہ لیں گے، اعتراضات دور کرنے کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹیو جج کو بھجوایا جائے گا۔