اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پولیس حکام اور خاتون جج کو دھمکی دینے کے بعد حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کا مشترکہ بیان سامنے آگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین PTI عمران خان کی جانب سے ہفتہ کی رات F9 پارک اسلام آباد میں کئےجانے والے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ ایک خاتون مجسٹریٹ کا نام لےکر اسے دھمکی دی گئی جبکہ IG اور DIG پولیس اسلام آباد کو مخاطب کرکے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔ یہ دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غدار فارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چئیرمین ہے جس نے پاک فوج میں بغاوت کی سازش کی ہے۔ مشترکہ بیان میں اعلی عدلیہ پر زور دیاگیا کہ عمران خان کے خاتون مجسٹریٹ کو نام لے کر دھمکی دینے کا ازخود نوٹس لے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ کار سرکار میں مداخلت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے والے افسران اور سرکاری عملے کو دھمکیاں دینے پر عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ عمران خان کو آئین اور قانون کا پابند بنایا جائے۔