اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چکوال میں ریپسٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر کے رہنما تحریک انصاف شہباز گل پر جنسی تشدد کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا چکوال میں ریپسٹ کی ویڈیو چلا کر کہا جا رہا ہے کہ یہ شہباز گل کی ویڈیو ہے جس میں ان پر جنسی تشدد کیا گیا۔ اس کے پیچھے عمران خان ہیں۔ غلط ویڈیوز چلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ یہ بیانیہ عمران خان نے شروع کیا ہے۔ اصل مقصد کہانی کو بدلنا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز گل پر اداروں کے اندر بغاوت کی کوشش کا مقدمہ ہے۔ انھوں نے عمران خان کے کہنے پر اے آر وائے بیپر دیا۔ قانون کے تحت ایف آئی آر بنی اور حراست میں لیا گیا اور تفتیش شروع ہوگئی۔ اس مقدمے سے نظر ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا جاری ہے کہ تشدد ہوگیا جنسی تشدد ہوگیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی پر بھی تشدد ہو، وہ نہیں ہونا چاہیے مگر اس کیس میں تشدد نہیں ہوا صرف پروپیگنڈا ہو رہا ہے جب کیمرا آتا ہے تو وہ اداکاری شروع کر دیتے ہیں اور سانس کی تکلیف کا کہتے ہیں۔ بہت جلد تمام ثبوت وزیر داخلہ پیش کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے لواحقین کے خلاف مہم چلائی گئی۔ اے آر وائے کا پلیٹ فارم استعمال کیا گیا۔ جعلی ویڈیوز کے ذریعے بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔ بغیر تحقیقات کے سوشل میڈیا پر اسے شیئر کیا جا رہا ہے۔