اسلام آباد: بلیو پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والی سابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کینیڈا فرار ہونے کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کے مطابق ایک مرتبہ ایم این اے رہنے کے بعد کوئی بھی بلیو پاسپورٹ رکھنے کا مجاز ہے اور اس ضمن میں قانون موجود ہے، اسے پڑھ لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسی بلیو پاسپورٹ پر وزارت خارجہ سے نوٹ وربل کے ذریعے ہی دبئی کا ویزا لیا، میں نے سرکاری طریقے سے ہی ویزا لیا تھا، اگر کوئی مسئلہ تھا تو ویزا نہ دیتے۔
سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ میں 21 اگست کو دبئی میں ہونے والی ویمن پیس کپ میں بطور معاون میزبان شرکت کیلئے جا رہی تھی۔ میرے کینیڈا فرار ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں، انہوں نے میرا پاسپورٹ ضبط کر لیا ہے تاہم پیر کو سب کچھ کلیئر ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق فردوس عاشق اعوان بلیو پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے نجی ائیر لائن کی پرواز سے اسلام آباد سے دبئی جا رہی تھیں کہ انہیں طیارے سے اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلیو پاسپورٹ حکومتی وزراءکو استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے لیکن فردوس عاشق اعوان نے مشیر اطلاعات سے ہٹنے کے باوجود ابھی تک اپنا بلیو پاسپورٹ واپس نہیں کیا تھا۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ فردوس عاشق اعوان کا بلیو پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا جس کے بعد وہ ائیرپورٹ سے اپنے گھر روانہ ہو گئیں اور اب ان کا موقف بھی سامنے آ چکا ہے۔