اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کر رہے ہیں جس پر میڈیکل بورڈ نے ان کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سانس کی تکلیف اور پھیپھڑوں کے مکمل چیک اپ کیلئے شہباز گل کے ٹیسٹ کا فیصلہ کرنے کے علاوہ میڈیکل بورڈ نے ان کی سی ٹی پلمونری اینجیوگرافی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب شہباز گل پر تشدد الزامات سے متعلق پولیس انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تفتیشی ٹیم سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پولیس نے تشدد الزامات پر بیانات قلمبند کرنا شروع کر دئیے ہیں جبکہ شہباز گل کی خوراک سے متعلق بھی مکمل نگرانی کی جائے گی، اس معاملے پر ڈاکٹرز کے بیان بھی لے لئے گئے ہیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر تشدد سے متعلق انکوائری کی نگرانی آئی جی اسلام آباد کر رہے ہیں اور تفتیشی ٹیم کی جانب سے حکام کو عدالتی کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔