مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر 

11:30 AM, 20 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے پنجاب حکومت کی جانب سے درج ایف آئی آر کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ 
وزیراعظم کے مشیر معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ، رانا مشہود، راجہ صغیر ودیگر ایم پی اے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے اور پنجاب میں درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 12 رہنماؤں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق اور انچارج تھانہ قلعہ گجر سنگھ کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کر کے پنجاب پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے اور ہم صفائی کیلئے پیش ہونا چاہتے ہیں لہٰذا عدالت حفاظتی ضمانت منظور کر کے پنجاب پولیس کو گرفتاری سے روکے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے لاہور پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری، سیف الملوک سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ 
لاہور پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے درخواست جمع کرائی تھی۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں اور وہ دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے تھے تاہم دونوں افراد گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔

مزیدخبریں