کراچی: آل سندھ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے23 اگست2023 سے بچوں کو سڑکوں پر پڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس کے بعد چیئرمین پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن سید طارق شاہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سندھ حکومت سے پیر23 اگست سے اسکول کھولنے کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسکول نہ کھولنے کی صورت میں بچوں کو سڑکوں پر تعلیم دی جائے گی۔ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ 23 اگست کے بعد تعلیمی نظام آؤٹ ڈور اسکولنگ پر منتقل کیا جائے گا۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ جو پرائیویٹ اسکولز ویکسی نیشن کا عمل مکمل کر چکے ہیں انہیں کیوں بند رکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے30 اگست کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ والدین، اساتذہ اور اسٹاف ویکسین لگوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سندھ بھر میں تعلیمی ادارے9اگست کو کھولنےکا فیصلہ کیا گیا لیکن کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے تاریخ بڑھا دی گئی۔
بعد ازاں تعلیمی ادارے23 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے تعلیمی ادارے30 اگست کو کھلیں گے۔ یونیورسٹیاں بھی صورتحال بہتر ہونے پر محرم کے بعد کھولی جائیں گی۔ تمام ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دیے جائیں گے۔