نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کیا ہے کہ جب طالبان جیسے جنگجو ٹویٹر استعمال کر سکتے ہیں ، تو انہیں اس حق سے کیوں محروم رکھا گیا ہے ۔
امریکی نیوز ویب سائٹ 'نیوز میکس' سے بات کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے ٹویٹر انتظامیہ کی شدید مذمت کی ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا یہ بات انتہائی ہتک آمیز ہے کہ جب ٹویٹر آمروں ، چوروں اور قاتلوں کو اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے اور اس کے مقابلے میں اس نے کئی ملین فالورز والے سابق صدر کو عوامی رابطے سے محروم کر رکھا ہے ۔
واضح رہے کہ ٹویٹر نے رواں برس امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کے بعد سابق امریکی صدر کا اکاؤنٹ منجمد کر دیا تھا ۔
رواں ہفتے سماجی رابطوں کیلئے معروف ویب سائٹ فیس بک نے افغان طالبان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کر دیئے تھے ۔ اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کیلئے پابندیوں کی امریکی پالیسی پر عمل کرنا ضروری ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی قوانین کے تحت طالبان پر پابندی عائد ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے اکاؤنٹس بلاک کئے گئے ہیں ۔
فیس بک نے کہا کہ لوٹ مار اور تشدد کی شکایات کیلئے بنائی گئی طالبان کی واٹس ایپ ہاٹ لائن کو بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ طالبان کے نام سے بنائے گئے آفیشل اکاؤنٹس بھی بلاک کئے جا چکے ہیں ۔