وطن کی خاطر جان قربان کرنیوالے پاک فضائیہ کے پائلٹ راشد منہاس کا یوم شہادت

Martyrdom Day of Rashid Minhas, a Pakistan Air Force pilot who sacrificed his life for the country
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ راشد منہاس کا یوم شہادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

17 فروری 1951ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے راشد منہاس نے سینٹ پیٹرک کالج سے سینئیر کمیبرج پاس کیا، ان کے خاندان کے متعدد افراد پاکستان کی مسلح افواج میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے۔

جس نے ان کے دل میں موجود مادر وطن کے دفاع کے جذبے کو مزید تقویت دی اور اپنے ماموں ونگ کمانڈر سعید سے جذباتی وابستگی کی بنا پر 1968ء میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔

https://twitter.com/DGPR_PAF/status/1428437779902603278?s=20

1971ء میں راشد منہاس نے اکیڈمی سے جنرل ڈیوٹی پائلٹ کی حیثیت سے گریجویٹ کیا اور انہیں کراچی میں پی اے ایف بیس مسرور پر پوسٹ کیا گیا تاکہ لڑاکا پائلٹ کی تربیت حاصل کر سکیں۔

20 اگست 1971ء کو راشد منہاس مسرور بیس کراچی سے اپنی تیسری تنہا پرواز کے لئے جب وہ T-33 جیٹ سے روانہ ہونے لگے تو ان کا انسٹرکٹر مطیع الرحمن ان کے ساتھ زبردستی طیارے میں سوار ہو گیا۔ مطیع الرحمن طیارے کو بھارت کی حدود میں لے جانا چاہتا تھا۔

راشد منہاس نے بھرپور مزاحمت کی لیکن کامیاب نہ ہونے پر مطیع الرحمن کے عزائم خاک میں ملاتے ہوئے طیارے کا رخ زمین کی جانب کر دیا۔

اس طرح طیارہ بھارتی سرحد سے صرف 32 میل پہلے ٹھٹھہ میں گر کر تباہ ہو گیا۔ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے راشد منہاس کو ان کی بے مثال قربانی پر اعلیٰ ترین فوجی اعزار نشان حیدر سے نوازا گیا۔

وہ اعلیٰ ترین فوجی اعزاز حاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے واحد افسر ہیں جنہوں نے اپنی جان قربان کرکے ملک کے دفاع اور حرمت کی لاج رکھی۔

راشد منہاس کو 21 اگست 1971ء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ نوجوان پائلٹ کے پورے خاندان سمیت پاک فضائیہ اور دیگر مسلح افواج کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔

پاکستان کے بہادر سپوت، اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر پانے والے کمسن ترین پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے 50ویں یومِ شہادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک مختصر دستاویزی فلم جاری کی ہے۔

مٹی کے اس بہادر سپوت نےاپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ تک نہیں آنے دی۔ راشد منہاس کی اس عظیم قربانی اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا۔

راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسل کیلیے مشعل راہ ہیں اور انکو شجاعت و قربانی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔