کینیڈا نے کابل میں پھنسے افراد کے انخلاءکیلئے ملٹری فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا

10:38 AM, 20 Aug, 2021

اوٹاوا: کینیڈین حکومت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پھنسے افراد کے انخلا کیلئے ملٹری فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ 2 فوجی طیاروں کی مدد سے کابل میں پھنسے افراد کو نکالا جائے گا جبکہ انخلا کیلئے کینیڈین فوجی کابل میں موجود ہیں۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے افغانستان میں پھنسے غیر ملکی مسافروں کو پاکستان لانے کیلئے کابل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے اور آج 2 طیارے افغان دارالحکومت بھیجے جائیں گے۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ اے خان کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پی آئی اے کے 2 طیارے آج صبح اسلام آباد سے کابل کیلئے روانہ ہوں گے اور اس سلسلے میں افغان اتھارٹیز اور کابل ائیرپورٹ انتظامیہ سے بات چیت بھی ہو گئی ہے، یہ دونوں طیارے مسافروں کو لے کر آج ہی وطن واپس آ جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ مغربی دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ نے عملے کے 500 سے زائد افراد کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے درخواست کی ہے۔
پاکستان نے افغانستان سے پہنچنے والے غیر ملکیوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس خصوصی مشن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی اب تک 3 پروازیں کابل سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔

مزیدخبریں