کنگسٹن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم مسلسل بائیو ببل میں رہتے ہوئے کھیل رہے ہیں اور یہ اتنا آسان نہیں ہوتا، اس لئے ہم اپنے دماغ کو آرام دینے کی غرض سے افغانستان کے خلاف ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کا کہا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری تمام تر توجہ ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہے اور افغانستان کے خلاف سیریز ون ڈے میچز کی ہے، اس لئے ہم کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کیلئے کہا ہے، ہم ٹی 20 میچز کیلئے تازہ دم ہو کر واپس آئیں گے جبکہ بائیو سکیور ببل میں رہنے کیلئے بھی آرام بہت ضروری ہے، اس کے بعد آئندہ سیزن میں بھی بیک ٹو بیک کرکٹ ہے، اب کرکٹ مسلسل ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپین شپ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری شروعات اچھی نہیں ہوئی اور بہت قریب پہنچ کر شکست سے دوار ہوئے مگر اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، کرکٹ کی تاریخ میں ایسے ٹیسٹ میچز بہت کم ہوتے ہیں اور امید ہے آگے بھی ہم اچھا کھیلیں گے اور ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
محمد رضوان نے تسلیم کیا کہ بیرون ملک کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں فتح کے قریب جا کر شکست ہوتی ہے اور اس کی وجہ فیلڈنگ میں کچھ ایشوز ہیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کی جا ری ہے تاکہ اس طرح کی ہار سے بچا جائے اور جہاں تک کھلاڑیوں کی بات ہے تو ہر کوئی اپنی کارکردگی دے رہا ہے، تاہم کچھ وکٹیں ہی ایسی ہوتی ہیں جہاں کم سکور والے میچز ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک طے شدہ 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کی میزبانی افغانستان نے کرنی ہے اور یہ سیریز سری لنکا میں شیڈول ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سیریز کیلئے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے گا۔