اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لئے آج ایک پروگرام کا اجرا کر دیا ہے۔خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کارڈ کا حامل خاندان سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکے گا۔
اس سے پہلے صوبے کی 40 فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ سے استفادہ کر رہی ہے۔ صحت انصاف کارڈ کو عوامی سطح پر بے حد پذیرائی ملنے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ ہر خاندان اس سہولت سے استفادہ کر سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا حکومت کا بہت بڑا قدم ہے۔ صوبے کے تمام گھرانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے پر محمود خان اور پرویز خٹک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب باقی صوبوں میں بھی صحت انصاف کارڈ دینے کا پریشر ہوگا۔ سندھ کے عوام بھی یہ سہولت مانگیں گے جبکہ پنجاب میں بھی ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ دینے پر زور لگائیں گے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیماری کے علاج معالجے پر خاندان کا بھاری خرچ ہوتا ہے۔ غریب آدمی کا بیماری سے پورا گھر کا بجٹ متاثر ہو جاتا ہے۔ ہم محدود وسائل کے باوجود ہیلتھ کارڈ جاری کر رہے ہیں۔ صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ امریکا میں ہیلتھ کارڈ پر بڑے گھپلے ہوئے تھے، ہمارے پاس تمام ڈیٹا موجود ہونا چاہیے۔