جیسن گلیسپی جنوبی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نامزد

12:13 PM, 20 Aug, 2020

کینبرا : آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر اور موجودہ سسیکس ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دو ون ڈے کپ اور ملکی ٹورنامنٹ شیفیلڈ شیلڈ کے لئے جنوبی آسٹریلیا کا ہیڈ کوچ نامزد کر دیا گیا ہے۔

جیسن گلیسپی جنوبی آسٹریلیا میں جیمی سائڈونز کی جگہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ جیمی سائڈونز 2019-20ءکے سیزن کے اختتام پر جنوبی آسٹریلیا سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔ جیمی سائڈونز کی موجودگی میں جنوبی آسٹریلیا کو سیزن 2015-16 اور 2016-17 میں وکٹوریہ سے سیفیلڈ شیلڈ کے دو فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سسیکس نے نومبر 2017ءمیں جیسن گلیسپی کے معاہدے میں تین سالہ توسیع کی تھی۔

سسیکس میں شامل ہونے سے قبل گلیسپی یارکشائر کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ جیسن گلیسپی نے اپنی تقرری کے حوالے سے کہا ہے کہ مجھے جنوبی آسٹریلیا کے ساتھ معاہدے پر بہت خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نامزد ہونا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ واضح رہے کہ گلیسپی سسیکس کے ساتھ اپنے جاری معاہدے کی وجہ سے رواں سال اکتوبر تک جنوبی آسٹریلیا میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ۔

مزیدخبریں