بیجنگ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لئے دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔
دورہ چین پر روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج میں ایک اہم دورہ پر چین روانہ ہو رہا ہوں، اس دورہ کے حوالے سے گزشتہ روزمیری وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی بات چیت ہوئی، میرا وفد پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی سوچ کی عکاسی کرے گا، مجھے امید ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ میری ملاقات دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کورونا وبا کے بعد چین کا دورہ کرنے والی پہلی سیاسی شخصیت ہیں، دو روزہ سرکاری دورے میں وزیرخارجہ چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور چین میں ہونے والے پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔
مذاکرات میں پاک چین اقتصادی راہداری فیز ٹو سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا، پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات کا پہلا دور مارچ میں منعقد ہوا تھا۔