اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں بھارت سے سیریز کا انعقاد مناسب نہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بھارت سے سیریز کھیلنا مناسب نہیں، بھارت میں جیسی حکومت ہے ایسے میں سیریز کھیلنا خوفناک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز ایشز سے بھی بڑا کرکٹ مقابلہ ہوتا ہے، ایشز سیریز کی اپنی اہمیت ہے لیکن پاکستان اور بھارت کی دوطرفہ سیریز کا کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ یہ ایک مختلف کرکٹ ہوتی ہے جس میں ماحول جذبات، تنا، دبا اور لطف اندوزی کی کیفیت ہوتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 1979 اور 1987 میں بھارت میں سیریز کھیلی تھی، اس وقت دونوں ممالک کے مابین کرکٹ کے لیے ماحول سازگار تھا، اس وقت حکومتیں بھی رکاوٹیں دور کرنے اور قریب آنے کی کوشش کررہی تھیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تو پاکستان کی ٹیم ہار گئی تھی مگر شائقین نے مہمان ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری مرتبہ دو طرفہ سیریز 2012 میں ہوئی تھی، بھارت نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوینٹی سیریز کی میزبانی کی تھی جبکہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل آچکی ہیں۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدامات کے بعد پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک کے سفارتی و تجارتی تعلقات بھی محدود ہیں۔