لاہور: بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے قصور کے متعدد دیہات اور ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ،بھارت نے دریائےستلج میں پانی چھوڑ دیا جس نے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کر لی۔ ملک کے دوسرے بڑے دریا ستلج سے اِس وقت ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
بھارت کی طرف سے چھوڑے جانے والے اس سیلابی ریلے کے باعث بھکی ونڈ، گاؤں چندا سنگھ، ملندرہ اور گاؤں کائے نو سمیت درجنوں دیہاتوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔
متعلقہ اداروں کے مطابق، ممکنہ طور پر بھارت کی طرف سے آنے والا سیلابی ریلا 2 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ صورت حال کے پیش نظر متعدد دیہاتوں سے عوام نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔ حکومتی اداروں کا دعویٰ ہے کہ متاثرین کی امداد کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں۔