جکارتا: پاکستانی فٹ بال ٹیم نے 44 سال بعد بڑی کامیابی حاصل کر لی ، قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں پہلی کامیابی سمیٹتے ہوئے نیپا ل کی ٹیم کو دو ایک سے شکست دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فٹ بال ٹیم نے 44 سال بعد بڑی کامیابی حاصل کر لی ، قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں پہلی کامیابی سمیٹتے ہوئے نیپال کی ٹیم کو دو ایک سے شکست سے دوچار کر دیا ۔
انڈونیشیا میں جاری میگاایونٹ میں گروپ ڈی میں موجود پاکستان کا آخری میچ نیپال سے کھیلا گیا، قومی فٹ بال ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا جب 11 ویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی شہباز یونس غلطی سے بال اپنے ہی گول پوسٹ میں ڈال بیٹھے۔
اس کے بعد ٹیم نے شاندار کم بیک کیا 55ویں منٹ میں محمد بلال نے فری کک پر گول کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
کھیل کے 72ویں منٹ میں کپتان صدام حسین نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی، اس کے بعد کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور یوں گرین شرٹس نے 2-1 سے 44 سال بعد ایشین گیمز میں فتح اپنے نام کرلی۔