پی ٹی آئی کو اللہ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا جو موقع دیا اس سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا،یاسمین راشد

05:23 PM, 20 Aug, 2018

لاہور :  ڈاکٹر یاسمین را شد نے کہا ہے کہ 22برسوں کی سیاسی جدوجہد کے بعد پی ٹی آئی کو اللہ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے اس سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور ملکی سرمائے اور ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم کو عوام کی امانت سمجھ کر ایک ایک پائی کو اُن کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ،تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر یاسمین را شد نے کہا کہ حکومت سازی کے بعد ایسا نظام بنائیں گے کہ ادارے کسی ایک خاندان کے اشاروں پر کٹھ پتلیا ں نہ بنیں بلکہ عوامی خدمت کے مراکز کے طور پر دن رات کام کریں، عمران خان نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، قوم نے حالیہ الیکشن میں تبدیلی کے حق میں ووٹ دیکر عمران خان کی تحریک انصاف کو کامیاب کرایا اورآج عمران خان کا وزیر اعظم منتخب ہوجانا ملک کیلئے بہت بہتر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کا ملک کا حکمران بننا پاکستانی عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ، عمران خان پاکستان کی تاریخ کے بہترین وزیر اعظم ثابت ہوں گے۔ عوام پاکستان کے قیام سے اب تک جس تبدیلی کا انتظار کر رہے ہیں وہ وقت آ گیا ہے، تحریک انصاف کے امن و امان، ٹیکس وصولی، تعلیم اور صحت بڑے اہداف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ان اہداف پر ٹھوس اقدامات کرے گی تاکہ نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے سے ملک میں تبدیلی کا سورج طلوع ہو گیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ کے شور شرابے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی، عوام نے ووٹ کو عزت دے کر ن لیگ کو عبرت کا نشان بنا دیا ہے۔ اب’’سب کا احتساب‘‘ کا خواب پورا ہوگا۔

مزیدخبریں