غداری کیس،پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سیکرٹر ی داخلہ سے 29 اگست کو وضاحت طلب

غداری کیس،پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سیکرٹر ی داخلہ سے 29 اگست کو وضاحت طلب
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:غداری کیس میں وارنٹ اجراءکے باوجود پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سیکرٹری داخلہ کو 29 اگست کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کی سماعت آج خصوصی عدالت کے جسٹس یاور علی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل کی جان کو خطرہ ہے، پرویز مشرف پر اسلام آباد کچہری اور کوئٹہ میں اکبر بگٹی کیس کی سماعت کے دوران جان لیوا حملے ہوئے، اگر صدر لیول کی سکیورٹی دی جائے تو پرویز مشرف پیش ہو جائیںگے۔

عدالت نے پرویز مشرف کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر بتائیں کہ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ ہونے کے باوجود انہیں پیش کیوں نہیں کیا گیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر دفعہ 342 کے بیان کے قانونی نقطے پر بحث ہوگی، دیکھنا ہے کیا بیان ریکارڈ کیے بغیر ٹرائل چل سکتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔