ویانا آسٹریا کی وزیر خارجہ کیرن کینیسل کی شادی کے موقع پر روسی صدر پیوٹن نے رقص کر کے محفل لوٹ لی۔ شادی کے موقع پر موجود مہمانوں نے پیوٹن کو دل بھر کر داد دی۔
ہاتھوں میں گلدستہ تھامے پیوٹن کیرن کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال ہوا۔ شادی کی پوری تقریب میں دلہا اور دلہن کے ہمراہ پیوٹن بھی مرکز نگاہ بنے رہے۔ شادی میں پیوٹن کی وہ شخصیت سامنے آئی جو ان کے قریبی حلقے نے ہی دیکھی ہو گی۔
کھانے سے قبل پیوٹن نے دلہن یعنی آسٹرین وزیر خارجہ کا ہاتھ پکڑ کر رقص کیا جسے وہاں موجود لوگوں نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا۔ نیوی بلیو رنگ کے کپڑوں میں پیوٹن جاذب نظر لگے جبکہ دلہن نے روایتی الپائن لباس ڈیرنڈل زیب تن کیا۔