لاہور:وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنانے کے بیان کے بعد خواجہ سعد رفیق کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آگیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنانے کے بیان پر مزید قہقہے لگیں گے ، وہ باتیں کرتے ہیں لیکن ان کو عمل کرنا نہیں آتا،ہماری نیک خواہشات وزیر اعظم کے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں،کے پی کے میں بھی وہ کوئی تبدیلی نہیں لاسکے ،ان کی باتیں بچگانہ ہیں ،وزیر اعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنانے کی بات درست نہیں ہے اس پر مزید قہقہے لگیں گے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایسی عمارتیں غیر ملکی مہمانوں کے لئے تو رکھی جا سکتی ہیں ،یو نیورسٹی نہیں بنائی جا سکتیں،عمران خان نے باتیں بہت کیں ہیں،اللہ کرے کہ وہ ان باتوں پر عمل کرپائیں،وہ باتیں بہت کرتے ہیں لیکن ان کو عمل کرنا نہیں آتا۔
پولیس کے نظام کو تبدیل کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور ا گر ہوئی بھی ہے تو ہمیں تو کہیں نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری نیک خواہشات وزیر اعظم کے ساتھ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔