اسلام آباد: اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش کے بعد شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔
راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث گندم کی کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ اولے بڑے سائز کے تھے، جس سے فصلوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
مری میں بھی کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس سے سیاح حسین نظاروں کا لطف اٹھانے میں مشغول رہے۔ خان پور میں بھی بارش اور مختلف علاقوں میں ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹا۔
وادی نیلم میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس سے دریائے نیلم اور ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا۔ اس کے ساتھ ہی تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے باعث پاور ہاؤس کے فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اسلام آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی تھی، جس کے باعث متعدد علاقوں میں گاڑیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔