فلم انڈسٹری کی بحالی: وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا قدم، امدادی رقوم فراہمی کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل

02:04 PM, 20 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں فلمی صنعت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ فلم سازی کے فروغ اور فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے ایک 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جسے "پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی" کا نام دیا گیا ہے۔

کمیٹی کی کنوینئر سینئر وزیر مریم اورنگزیب ہوں گی، جبکہ صوبائی وزرا عظمیٰ بخاری، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، رمیش سنگھ اروڑا سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے فلم سٹی، فلم اسٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب اور پاکستان کے پہلے فلم سکول کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ تمام منصوبے نوازشریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیے جائیں گے، جہاں جگہ مختص کر دی گئی ہے اور ابتدائی ڈیزائن اور پلاننگ پر پیش رفت بھی مکمل ہو چکی ہے۔

کمیٹی رواں مالی سال کے دوران فلم سازوں کو گرانٹس فراہم کرے گی۔ فلموں کے سکرپٹس، فلم سازی کی درخواستیں اور مکمل یا نامکمل فلمی منصوبوں کا جائزہ لے کر امداد دی جائے گی۔ کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ضرورت پڑنے پر ذیلی کمیٹیاں تشکیل دے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت میں کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی ہو چکا ہے، جس میں وزیراعلیٰ کے وژن پر عملدرآمد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

مزیدخبریں