ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایسٹر کے موقع پر یوکرین کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق جنگ بندی کا آغاز 19 اپریل شام 6 بجے سے ہوگا اور 21 اپریل رات 12 بجے تک جاری رہے گا۔
کریملن کا کہنا ہے کہ روس اس دوران جنگی کارروائیاں روک دے گا، اور یوکرین سے بھی امید ہے کہ وہ جنگ بندی کا احترام کرے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر یوکرین کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو روسی افواج اس کا بھرپور جواب دیں گی۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ یہ عارضی جنگ بندی یوکرین کے رویے کو پرکھنے کا موقع ہے، اور اگر وہ سنجیدہ ہوا تو یہ امن معاہدے کی طرف ایک قدم ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ہمیشہ سے امن بات چیت کے لیے تیار رہا ہے۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ یوکرین تنازع کے منصفانہ حل کے لیے امریکہ، چین اور دیگر ملکوں کی کوششوں کو روس قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔