اسلام آباد : قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 22 نشستوں پر ضمنی انتخابات کل ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولیس، پاک فوج اور سول ارمڈ فورسز کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔ضابطہ اخلاق کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی اہلکار پہلے درجے میں جب کہ سول آرمڈ فورسز دوسرے، پاک فوج کے اہلکار تیسرے درجے میں فرائض انجام دیں گے۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کی تعیناتی انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر جائے گی۔ پاک فوج اور سول ارمڈ فورسز کے اہلکار پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار ووٹنگ اور گنتی کے دوران غیر جانبدار رہیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی بے ضابطگی کی صورت میں پاک فوج کے اہلکار پریزائڈنگ افیسر کو مطلع کریں گے ۔پریزائڈنگ آفیسر کے ایکشن نہ لینے پر پاک فوج کے اہلکار ریٹرننگ افسر کو بے ضابطگی سے آگاہ کریں گے۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار کسی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے۔
ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی صورت بھی پاک فوج اور آرمڈ فورسز کے اہلکار انتخابی عملے کے اختیارات اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان کو اپنی تحویل میں نہیں لیں گے ۔ پریزائڈنگ افسر اور ریٹرننگ افسر کے اختیارات میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار کسی صورت مداخلت نہیں کریں گے ۔
کسی بے ضابطگی کی صورت میں پریزائڈنگ آفیسر کی اجازت کے بغیر از خود کوئی ایکشن نہیں لیں گے۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران پاک فوج اور سول امڈ فورسز کے اہلکار کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔