لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی ائی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جناح ہاؤس حملہ سمیت نو مئی کے مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر نو مئی مقدمات کی سماعت ہوئی۔ بانی پی ٹی ائی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان سمیت دیگر 34 ملزمان عدالرت میں پیش ہوئے۔جبکہ عمر ایوب اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان کی حاضری مکمل ہونے کے بعد ان کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع کر دی ۔ عدالت نے ائندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
یاد رہے کہ عمر ایوب نے جناح ہاؤس حملہ ، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان کو جلانے سمیت پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے ۔
علیمہ خان نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 21 اپریل کو عوام ظلم کے خلاف اسی طرح نکلیں جس طرح اٹھ فروری کو نکلے تھے۔ انہوں نے بانی پی ٹی ائی کا پیغام بھی دیا کہ عوام نہ صرف ووٹ دینے کے لیے نکلیں بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کریں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی ائی نے کہا ہے دھاندلی کو روکیں اور وکلا فارم 45 کی حفاظت کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بھانجا حسان نیازی اور عبارت فاروق کل سے لاپتہ ہیں ان کے متعلق کوئی علم نہیں کہ کہاں ہیں۔
سماعت کے بعد بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی ائی اور ان کی اہلیہ کے ساتھ کلبھوشن سے زیادہ برا سلوک ہو رہا ہے۔ ملک میں لندن پلان کے تحت نواز شریف کو بلایا گیا ۔ میں نے تب بھی کہا تھا نواز شریف وزیراعظم نہیں ہوں گے۔ نواز شریف کا اپنا بھائی اقتدار میں ہے مگر اس کو جلد ہی ایک اچھے وکیل کی ضرورت پڑے گی اور نواز شریف اپنا نام ای سی ایل سے نکلوا رہا ہوگا۔