انصاف کو تسلیم کرتے ہیں آپ کے ہتھوڑے کو تسلیم نہیں:  مولانا فضل الرحمان

05:32 PM, 20 Apr, 2023

ڈیرہ اسماعیل خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے سپریم کورٹ اپنے رویے میں لچک پیدا کرے، ہم انصاف کو تسلیم کرتے ہیں آپ کے ہتھوڑے کو تسلیم نہیں کریں گے.

پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدالت اپنی پوزیشن واضح کرے کیا وہ عدالت ہے یا پنچایت، عدالت کہہ رہی ہے کہ عمران خان سے بات کریں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی قانون پاس کر چکی ہے، عدالت کو پارلیمنٹ کے ایکٹ کا احترام اور پیروی کرنا ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کل بلاول بھٹو تشریف لائے تھے، بلاول بھٹو مفتی عبدالشکور کی وفات پر تعزیت کے لیے آئے تھے، میری بلاول بھٹو اور ٹیلی فون پر آصف زرداری سے بات ہوئی، مسلم لیگ ن کی قیادت اور وزراء نے فون پر بات کی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا  آئین کی رو سے 90 دن میں انتخابات کرانا ناگزیر ہیں لیکن عمران خان کسی تاریخ پر اتفاق کرلیں تو صحیح ہے، جس شخص کو سیاست سے باہر رکھنا چاہیے تھا سپریم کورٹ اسےسیاست کا محور بنا رہی ہے، عدالت جس اختیار کے تحت دھونس دکھا رہی ہے وہ اس کا اختیار نہیں رہا۔

مزیدخبریں