دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عید الفطر کی تاریخ کی پیش گوئی کرتے ہوئے عید پر لمبی چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر مسلمانوں کیلئے خوشخبری ہے کہ عید الفطر کے موقع پر پانچ چھٹیاں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اماراتی حکومت کے احکامات کے مطابق عید الفطر کے سلسلے میں 29 رمضان المبارک سے 3 شوال تک تعطیلات دی جائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس امارات میں 30 روزے ہونے اور شوال کا چاند 12 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے جس کے باعث ملازمت پیشہ افراد 5 چھٹیاں ملیں گی۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ امارات میں یکم شوال کا چاند 11 مئی 2021ءکو پیدا ہو گا تاہم یہ 12 مئی منگل کے روز ہی دکھائی دے گا۔
رپورٹ کے مطابق 12 مئی کو عیدالفطر کا چاند نظر آنے کی صورت میں یو اے ای میں مقیم لاکھوں مسلمان 13 مئی 2021 کو عید الفطر منائیں گے۔ ماہرین فلکیات نے نہ صرف عید الفطر بلکہ عیدالضحیٰ اور حج کی تاریخوں کے حوالے سے بھی پیش گوئی کی ہے۔