واش روم میں زیادہ وقت گذارنے پر کمپنی نے تنخواہ کاٹ لی

08:58 PM, 20 Apr, 2021

تائے پی ،تائیوان میں نجی کمپنی نے واش روم میں زیادہ وقت گذارنے پر ملازم کی تنخواہ کاٹ لی ۔  کمپنی کی طرف سے تنخواہ کاٹنے پر مسٹر اے نامی ملازم نے سخت احتجاج کیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کے ملازم ’’مسٹر اے‘‘ نامی ایک تائیوانی شہری کا کہنا ہے کہاس نے تائیوان کی ایک کمپنی میں 22 دن کام کیا، اس کا معاوضہ 160 یوآن فی گھنٹہ طے کیا گیا تھا جبکہ اس نے وہاں مجموعی طور پر 195 گھنٹے ملازمت کی۔ تاہم ’’مسٹر اے‘‘ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اس نے ان 22 دنوں میں دفتری اوقات کے 49.5 گھنٹے بیت الخلا میں گزارے۔

تنخواہ دیتے وقت کمپنی نے 4400 یوآن کاٹ لیے اور کہا کہ قواعد و ضوابط کی رُو سے وہاں پر کوئی بھی ملازم روزانہ زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ ہی بیت الخلاء میں گزار سکتا ہے۔ اس لحاظ سے ’’مسٹر اے‘‘ نے اپنی مدتِ ملازمت کے دوران مقررہ حد سے پورے 27.5 گھنٹے زیادہ گزارے، جن کی کٹوتی کردی گئی ہے۔

’’مسٹر اے‘‘ نے اسے سراسر ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے دیگر سوشل میڈیا صارفین سے پوچھا کہ اب اسے کیا کرنا چاہیے۔

جواب میں اکثر لوگوں نے کمپنی کی جانب سے تنخواہ کٹوتی کا اقدام بالکل درست اور جائز قرار دیا۔زیادہ تر لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ اگر ملازمین اپنا زیادہ وقت بیت الخلا میں گزارنے لگیں تو پھر کام کون کرے گا؟

 سوشل میڈیا صارفین کی ایک اچھی تعداد ایسی بھی تھی جنہوں نے ’’مسٹر اے‘‘ سے ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اسے تائیوان میں انسانی حقوق اور محنت کشوں سے متعلق سرکاری ادارے میں اپنی کمپنی کے خلاف رپورٹ درج کروانی چاہیے۔

مزیدخبریں