اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ون آن ون ملاقات کی ہے۔ شیخ رشید نے کالعدم تحریک لبیک سےمذاکرات بارے وزیراعظم کو بریف کیا۔
نیونیوز کے مطابق ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں ہوئی ۔اس دوران وزیراعظم نے سارا معاملہ بہتر انداز میں نمٹانے پر وزیر داخلہ کی کوششوں کو سراہا ۔
انہوں نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں ،اپنا کام جاری رکھیں،بعد ازاں فواد چوہدری ، شفقت محمود، فہمیدہ مرزا اور ایم کیو ایم ارکان نے بھی وزیراعظم کے چیمبر میں ان سے ملاقا ت کی ۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے سحری کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھاکہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے۔
ٹی ایل پی کی طرف سے مسجد رحمۃ اللعالمین سمیت سارے ملک سے دھرنے ختم کیے جائیں گے۔ بات چیت کے ذریعے معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جن کے خلاف مقدمات درج ہیں بشمول فورتھ شیڈول ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔ تفصیلی بیان آج پریس کانفرنس کے ذریعے دوں گا۔
واضح رہے کہ مذاکرات میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور حافظ طاہر اشرفی سمیت دیگر نے شرکت کی۔کالعدم تنظیم سے مذاکرات کے پہلے دو راؤنڈز میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت بھی شریک ہوئے تھے۔