وزیرخارجہ کا دورہ امارات مکمل،ایران روانہ 

وزیرخارجہ کا دورہ امارات مکمل،ایران روانہ 
سورس: file

تہران : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے  ایران روانہ ہو گئے ہیں ۔ہوائی اڈے پر اماراتی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام یو  اے ای میں پاکستان کے سفیر افضال محمود اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کہا۔

 نیو نیوز کے مطابق ایران روانگی سے قبل دورہ  ایران کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے وزیر خارجہ  نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ  افغان امن عمل میں بہت سی نئی ڈویلپمنٹس ہوئی ہیں ۔افغانستان کا پڑوسی ہونے کے ناطے، افغان امن عمل ہماری طرح ایران کیلئے بھی اہم ہے ۔اس حوالے سے ہمارا مقصد مشاورت کے بعد، حکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے  مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انتہائی واضح اور دو ٹوک موقف اختیار  کرنے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی ۔

واضح رہے کہ وزیرخارجہ نے یواے ای کا تین روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان،اماراتی اعلیٰ حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ 

وزیرخارجہ کے اماراتی ہم منصب نے ملاقات کے دوران بتایاکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے جو 2 ارب ڈالر قرض واپس لینا ہے اس کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔