جب وزیرفرانسیسی سفیر نکالنے کا معاہدہ کر رہے تھے اس وقت عمران خان کہاں  تھے؟ احسن اقبال

10:57 AM, 20 Apr, 2021

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ   سنگین مسئلے پر حکومت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ،حکومتی غفلت اور نا اہلی کے  باعث ملک بحران کا شکار ہے ۔امید ہے فریقین گفت و شنید سے اس مسئلے کا حل نکال لیں گے

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل  احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام اباد میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے  کہا  کہ ناموس رسالت پر ہر مسلمان مر مٹنے کو  تیار ہے۔پاکستان آگ اور خون کا کھیل برداشت نہیں کر سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے پہلے معاہدہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو نکالیں گے،اب آنکھیں کھلیں تو کہتے ہیں ایسا کرنے سے نقصان ہو گاجب آپ کے وزیر یہ معاہدہ کر رہے تھے تو  آپ کہاں تھے؟کل وزیراعظم نے خطاب کیا طعنہ زنی اور الزام تراشی کی ۔ہم اکثر کہتے ہیں مشکل وقت میں وزیراعظم کلام بند رکھا کریں۔ملک میں ایسے حالات ہوں تو لیڈر نے یہ باتیں نہیں کرنا ہوتیں۔جس جنت کا نقشہ عمران خان نے کھینچا ہم سب اسی پاکستان میں جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات کیا ہیں اور حکومت کی ترجیحات نوازشریف کی جائیدادیں ضبط کرنا ہے۔نئے وزیر خزانہ خود کہہ چکے حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کر دیا۔پاکستانی معیشت ایک ڈیڑھ فیصد پر ترقی کرے گی  جبکہ بھارتی معیشت گیارہ فیصد پر ترقی کر رہی ہے۔

احسن اقبال  نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری نہیں آرہی لیکن عمران خان کو پروا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخ ہوتی ہے یا نہیں،کل وزیراعظم نے بھی کہا بھارت اس معاملے کو سول جنگ کی طرف لیجا رہا ہےاگر بھارت ایسا کر رہا ہے تو وہ آپ کے ساتھ دبئی میں مذاکرات کر رہا ہےآپ بھارت کو وہاں کہیں کہ ایسا نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تو کبھی بلومبرگ سے پتہ چلتا ہے کبھی کسی اور ملک کے سفیر سے پتہ چلتا ہےانہوں نے کہا کہ سلمان رشدی کی کتاب 1988میں آئی نواز شریف وزیراعظم بعد میں بنے،وزیراعظم نے گزشتہ روز غلط بیانی کی ہے ۔

قبل ازیں احتساب عدالت اسلام اباد میں  نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت  ہوئی ۔سابق وفاقی وزیر احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش  ہوئے ۔احسن اقبال کے وکیل کے عدم موجودگی کے باعث سماعت  27اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

مزیدخبریں