روس نے امریکا کے بعد جمہوریہ چیک کے بھی 20 سفارتکار ملک بدر کردیے

10:16 AM, 20 Apr, 2021

ماسکو: جمہوریہ چیک کی طرف سے روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے پر روس نے بھی جمہوریہ چیک  کے 20 سفارتکاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم دے دیا ۔

    

روسی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق چیک ری پبلک کے سفارتکاروں کو  کہا گیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے میں ملک چھوڑیں۔

   واضح رہے کہ دو دن قبل جمہوریہ چیک نے بھی 18 روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا تھا ۔روسی سفارت کاروں پر 2014 میں ہتھیاروں کے ایک گودام میں دھماکے میں‌ ملوث ہونے اور جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔

چیک وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ چیک انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اس دھماکے میں روسی فوجی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت فراہم کیے تھے ، جس میں دو افراد کی ہلاکت ہوئی تھی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن نے صدارتی انتخاب میں مداخلت اور وفاقی ایجنسیز کی ہیکنگ کے الزام میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے امریکا سے 10 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان پابندیوں میں ماسکو کی رقم قرض لینے کی صلاحیت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اب امریکی مالیاتی اداروں کو روسی اداروں سے براہ راست بانڈز خریدنے سے بھی روک دیا گیا ہے ۔

مزیدخبریں