اسلام آباد: حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں معاہدہ کے بعد حکومت نے قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی۔
نیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ حکومت نے جمعرات تک ملتوی ہونے والے اجلاس کو 2 دن پہلے ہی طلب کرلیا ہے۔ اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہوگا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں فرانس کے سفیر کی ملک بدری سے متعلق متفقہ قرارداد پیش کی جائے گی ۔اگرقومی اسمبلی نے فرانس کے سفیر کو نکالنے کی منظوری دی تھی فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سحری کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنا ویڈیو بیان جاری کیا تھا کہ جس میں کہا تھا کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسجد رحمۃ اللعالمین سمیت سارے ملک سے دھرنے ختم کیے جائیں گے۔ بات چیت کے ذریعے معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ جن کے خلاف مقدمات درج ہیں بشمول فورتھ شیڈول ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔ تفصیلی بیان آج پریس کانفرنس کے ذریعے دوں گا۔
واضح رہے کہ مذاکرات میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور حافظ طاہر اشرفی سمیت دیگر نے شرکت کی۔کالعدم تنظیم سے مذاکرات کے پہلے دو راؤنڈز میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت بھی شریک ہوئے تھے۔