اسلام آباد: حکومت کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔شہری ماسک پہن رہے نہ ہی تاجر حضرات وقت کی پابندی کرتے ہوئے اپنی دکانیں بند کر رہے ہیں۔حکومت کی ناکامی اور شہریوں کی لاپروائی کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔
این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مزید 137 مریض انتقال کر گئے جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 16 ہزار453 تک پہنچ گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 24گھنٹے میں 68 ہزار2 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئےجن میں سے 5 ہزار 445 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح8 فیصدرہی۔کوروناسے متاثرہ افراد کی تعداد7لاکھ66 ہزار882ہوچکی ہے۔
دوسری طرف معصوم بچے بھی کورونا کی تیسری لہر کی لپیٹ میں ہیں۔اسلام آباد کے پمز اسپتال میں تین سالہ بچہ کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ پمز اسپتال میں اس وقت 7 بچے کورونا وارڈ میں داخل ہیں ۔24 گھنٹے میں اسلام آباد میں ایک سے 10 سال تک کے مزید 88 بچے کورونا کا شکار ہو ئے ہیں۔